الحمدا للہ کہنے کا معمول

Nov 27, 2022

 حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا ، جب تم میں سے کوئی شخص خوش گوار خواب دیکھے تو وہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے اور(اسے چاہیے کہ )وہ اس پر ’’الحمد اللہ ‘‘کہے ۔(صحیح بخاری)٭حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:جب تم میں سے کسی شخص کو چھینک آئے تو وہ ’’الحمد اللہ ‘‘کہے ۔(صحیح بخاری)٭حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا : اللہ تبارک وتعالیٰ (اپنے )بندے کی اس بات سے خوش ہوتا ہے کہ وہ کچھ کھائے تو اللہ کی حمد کرے اورکچھ پیئے تو اللہ کی حمد کرے۔(صحیح مسلم)٭حضرت ابومالک اشعری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادہے : پاکیزگی نصف ایمان ہے ۔’’الحمد اللہ ‘‘میزان کو بھردیتا ہے، سبحان اللہ اورالحمد اللہ آسمان اورزمین کے درمیان (خلا )کو بھر دیتے ہیں ۔ (صحیح مسلم)٭حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم جب کھاناتناول فرماتے یا (کوئی مشروب)نوش فرماتے تو دعاء کرتے ’’الحمد اللّٰہِ الَّذِیْ اطعمناوسقانا وجعلنا من المسلمینتمام تعریفیں اللہ کے لیے جس نے ہمیں کھلایا ، پلایااور مسلمان بنایا ۔ (جامع ترمذی) ٭حضرت معاذ بن انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا ، جس شخص نے کھانا کھاکر کہا: تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جس نے مجھے یہ کھانا کھلایا اورمجھ کو بغیر کوشش اورطاقت کے یہ رزق دیا، تو اس کے تمام سابقہ گناہ معاف کردئیے جائیں گے۔(جامع ترمذی)٭حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا : جس کلام کی ابتدائ’’الحمد اللہ ‘‘سے نہیں کی جائے گی وہ ناتمام رہے گا۔(سنن ابودائود)٭حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : مجھے تعجب ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے بندئہ مومن کا کیسا (اچھا)نصیب رکھا ہے! اگر اس کو بھلائی پہنچتی ہے تواپنے رب کی حمد کرتا ہے ، اس کاشکر بجالاتا ہے اوراگر اس کو کوئی مصیبت پہنچتی ہے تو(بھی )اپنے رب کی حمد کرتا ہے اور(اس پر)صبر کرتا ہے۔ (مسند امام احمد)٭حضرت سمرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا : قرآن پاک کے بعد چارکلام افضل ہیں اوروہ بھی قرآن میں سے ہیں ، تم ان میں سے جس سے بھی ابتداء کروکوئی مضائقہ نہیں (وہ ہیں ) سبحان اللہ ، الحمد اللہ ، لاالہ الااللہ ، اللہ اکبر ۔(مسند امام احمد بن حنبل)٭حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام جب سونے کا ارادہ فرماتے تو دعاکرتے، اے اللہ میں تیرے نام سے مرتا ہوں اورزندہ ہوتا ہوں، اورجب بیدار ہوتے تو دعاکرتے تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جس نے میرے نفس پر موت وارد کرنے کے بعد اس کو زندہ کیا اوراسی کی طرف اٹھنا ہے۔(جامع ترمذی)

مزیدخبریں