کراچی (نیوز رپورٹر) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی اچھا کام کررہے ہیں اس لئے میں یہ کام دیکھنا بھی چاہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ بھی شہر اور صوبہ کے لئے بہت اچھا سوچتے ہیں انشااللہ جلد بہت کچھ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس صوبہ کی خدمت کرسکتے ہیں اور خاص طور پر کراچی کی بہتری کے لئے بھرپور اقدامات ہر جگہ نظر بھی آنے چاہئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چڑیا گھر کے دورہ کے دوران کیا ۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب ، میونسپل کمشنر افضال زیدی ، سینئر ڈائریکٹر رضا عباس، ڈائریکٹر محمد راشد ، کمیونٹی پولیس کے ڈائریکٹر راجہ رستم بشیر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ گورنرسندھ گورنرسندھ نے چڑیا گھر میں جانوروں کی دیکھ بھال ، جاری ترقیاتی منصوبے اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیااور موقع پر ہی ہدایات دیں۔ گورنر سندھ شتر مرغ انکلوژر گئے اور وہاں پر جاری کام کو سراہا۔ گورنرسندھ نے بہترین انتظامات پر انتظامیہ کوشاباش دی ۔گورنرسندھ نے ہتھنی مدھو بالا اور نورجہاں کو فروٹ بھی کھلائے ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا چڑیا گھر بہترین تفریح گاہ بھی ہے ،شہر سمیت پورے ملک کے لوگ یہاں بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ بعد ازاں گورنرسندھ جناح گراؤنڈ پر بنائے گئے چڑیا گھر بھی گئے اور وہاں پر پرندوں سے متعلق آگاہی حاصل کی ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ یہ ایک اچھی کاوش ہے اس سے لوگوں کا جناح گراؤنڈ آنے کا رجحان بھی بڑھے گا ۔