پی ڈی ایم‘ پی ٹی آئی کلڑائی میں ملک سو سال پیچھے چلا گیا: سراج الحق

Nov 27, 2022


اسلام آباد،لاہور (خبر نگار+خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی میں ملک سو سال پیچھے چلا گیا، یہ لوگ آئندہ سو سال بھی حکمران رہے تو ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے اداروں کو کمزور کیا، کرپشن کو بڑھاوا دیا اور نوجوانوں کو مایوس کیا۔ آج عدالتوں میں غریب کو انصاف نہیں ملتا، الیکشن کمشن آزاد نہیں، ایوان میں قانون سازی نہیں ہوتی، اگر کوئی قانون بنتا بھی ہے تو آئی ایم ایف اور استعمار کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے، ان حکمرانوں نے ملک کی معیشت اور نظریے کو تباہ کیا۔ سیاست میں ذاتیات اور گالم گلوچ کے کلچر کو پروان چڑھایا، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے تحائف دیے۔ سوسائٹی میں پولرائزیشن کو فروغ دیا۔ ان کی لڑائیوں میں سیلاب متاثرین ر±ل گئے۔ بار بار کہتا ہوں کہ متاثرین کو ریلیف نہ دیا گیا تو سوا تین کروڑ لوگ ان حکمرانوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری سینیارٹی اور میرٹ پر ہونے کے بعد یہ امید کی جاتی ہے کہ فوجی قیادت ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرے گی اور سیاست سے غیرجانبداری کے اپنے عہد پر کاربند رہے گی، ایسا اسٹیبلشمنٹ کے عملی اقدامات سے ہی نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ الیکشن کمشن، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ مکمل طور پر غیرجانبدار اور غیر سیاسی نظر آئیں۔
سراج الحق

مزیدخبریں