نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے ماہرین کے ایک پینل نے کہا ہے کہ طالبان کا خواتین کے ساتھ سلوک انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہو سکتا ہے اور بین الاقوامی قانون کے تحت اس کی تحقیقات اور جوابدہ ہونا ضروری ہے۔اقوام متحدہ کے ماہرین نے ایک بیان میں کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف طالبان کی تازہ ترین کارروائیوں نے انسانی حقوق کی موجودہ خلاف ورزیوں کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ جو کہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ ظالمانہ اور سفاکانہ ہیں۔ یہ صنفی بنیادوں پر ظلم و ستم کے مترادف ہو سکتی ہیں اور انہیں انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا جا سکتا ہے۔ طالبان کی طرف سے کوڑے مارنے کی سزا کے دوبارہ آغاز پر اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کیا۔اقوام متحدہ کے مقرر کردہ ماہرین کا یہ بیان طالبان کی جانب سے اس بات کی تصدیق کے بعد سامنے آیا ہے کہ بدھ کو مقامی اسپورٹس اسٹیڈیم میں سینکڑوں افراد کے سامنے 12 افراد کو کوڑے مارے گئے۔ ان میں تین خواتین شامل تھیں۔11 نومبر کو شمال مشرقی صوبہ تخار کے شہر تالقان میں نماز جمعہ کے بعد شہر کی مرکزی مسجد میں بزرگوں، محققین اور رہائشیوں کے سامنے 10 مردوں اور 9 خواتین کو 39 کوڑے مارے گئے۔ ان پر زنا، چوری اور گھروں سے بھاگنے کے الزامات تھے۔ماہرین کے بیان میں سرعام کوڑے مارنے کے واقعات کا خاص طور پر تذکرہ نہیں کیا گیا لیکن کہا گیا کہ طالبان ان مردوں کو مارتے ہیں جو ان خواتین کے ساتھ آتے ہیں جنہوں نے رنگ برنگے کپڑے پہن رکھے تھے یا اپنے چہرے نہیں ڈھانپے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمیں ایسی کارروائیوں پر گہری تشویش ہے جن کا مقصد مردوں اور لڑکوں کو ان خواتین اور لڑکیوں کو سزا دینے پر مجبور کرنا ہے جو طالبان کی جانب سے انہیں ختم کرنے کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کرتی ہیں۔
اقوام متحدہ