ڈیرہ اللہ یار ( این این آئی ) ڈیرہ اللہ یار میں اللہ اکبر تحریک کے زیراہتمام سیرت النبی کانفرنس منعقدکی گئی۔ مقررین نے کہا کہ ملک و ملت کو عالمی غلامی سے اور ترقی کا واحد راستہ حضور نبی کریم کی سیرت مبارکہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے، سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اللہ اکبر تحریک کے سربراہ سیف اللہ خالد کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی امریکہ اور یورپ نواز پالیسیوں کے باعث قوم 75 سالوں سے عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے۔ ملک کو اس وقت ایک ہزار ایک مسائل درپیش ہیں جن میں سرفہرست معاشی مسائل ہیں، ملک کے مسائل کا حل امریکہ، یورپ اور اسلام آباد کے حکمرانوں کے پاس نہیں، اغیار میں بیٹھا دشمن وطن عزیز میں مذہبی فرقہ واریت اور لسانیت کو فروغ دینے پر انویسٹمنٹ کر رہا ہے، وقت آچکا ہے کہ ہم دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے فرقہ واریت اور لسانیت کا خاتمہ کریں۔ پوری قوم کو آقائے دوجہاں نبی کریم کی سنت اور سیرت پر گامزن کریں۔15 سو سال قبل حضور نبی کریم نے مدینہ میں معاشی استحکام کیلئے جو اقدامات اٹھائے آج ہمیں ان کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر معاشی مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سمیت دیگر غیر ملکی مالیاتی ادارے قرضوں کے بدلے ہماری قومی آزادی کو سلب کر رہے ہیں۔ قوم کے بچے گھاس کاٹنے چارہ بنانے اور مزدوری کرنے پر مجبور ہیں اور حکمران طبقے کی اولاد اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے نسل در نسل اعلیٰ عہدوں پر فائز ہو رہی ہے۔