لاہور(خصوصی رپورٹر) معروف ادیب ایڈیٹر ماہنامہ”پھول“ کالم نگار نوائے وقت محمد شعیب مرزا کو پاکستان کا سب سے بڑا ادبی ایوارڈ” یو بی ایل لٹریری ایوارڈ“ دیا گیا ہے۔ یہ ایورڈ ان کی کتاب ”ببلو اور چندا ماموں“ پر بیسٹ چلڈرن لٹریچر کی کیٹگری میں دیا گیا ہے۔ ایوارڈ تقریب کراچی کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں ملک بھر کی اہم ادبی، سماجی، کاروباری اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔ اس سال بارہ کیٹگریز میں ادیبوں کو ایوارڈ دیئے گئے۔ ہر کیٹگری میں خوبصورت ایوارڈز کے ساتھ دو لاکھ روپے انعام بھی دیا گیا۔ صدر و سی ای او یونائیٹڈ بنک شہزاد جی دادا نے ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم ادب کے فروغ اور ادیبوں کی پذیرائی کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور آئندہ سال ادب و ثقافت کے مزید شعبوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ محمد شعیب مرزا کے علاوہ ان ادیبوں کو ان کی کتب پر ایوارڈز دیئے گئے۔ تسنیم جعفری (زندگی خوبصورت ہے اور مخلص دوست)، ثمن شمسی(وئیردی ریورمیٹ)، محمود احمد قاضی(کونوا)، احمد سلیم(جب آنکھ سے نہ ٹپکا)، صابر ظفر(جمال آپ سے وصال)، سعید نقوی(اپریل دو نیم)، خالد اختر(خانہ بدوش قبیلے)، قاضی علی ابو الحسن( ذائقوں سے بھرے رنگ)، فصیح باری خان(گھسی پٹی محبت)، افتخار احمد ملک(دی سلک روڈ اینڈ بی آنڈ) اور عثمان حنیف( دی ورڈک)۔ منصفین میں ڈاکٹر اصغر ندیم سید، ڈاکٹر انوار الحق، کشور ناہید، عارفہ سیدہ، ڈاکٹر ناصر عباس نیر، غازی صلاح الدین اور منیزہ شمسی شامل تھے۔ انور مقصودکو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل آپریشنز کرنل(ر) احمد ندیم قادری (تمغہ امتیاز) نے محمد شعیب مرزا کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایوارڈ ان کے لیے ہی نہیں ادارہ نوائے وقت کے لیے بھی اعزاز اور فخر کاباعث ہے۔