جنوبی پنجاب سے الیکشن مہم شروع، 8 فروری عوام دشمن جماعتوں کیلئے یوم سوک ہو گا: سراج الحق

Nov 27, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 8 فروری عوام دشمن سیاسی جماعتوں کے لیے یوم سوگ ہو گا۔ 75برسوں میں جرنیلوں اور تین سیاسی پارٹیوں کی حکومتوں کو دیکھ لیا۔ ان میں کوئی بھی ملک اور قوم کی حالت بہتر نہیں کر سکا۔ آج معاشی بدحالی، ناانصافی، ظلم و جبر، مہنگائی، بے روزگاری، زراعت و صنعت کی تباہی انہی حکومتوں کی بدولت ہے۔ حکمرانوں نے امریکی تابعداری اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر اقتدار میں پہنچ کر اپنی پراپرٹیز، بنک بیلنس میں اضافہ کیا۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی نے ایک ہزار افراد کا جلوس بھی فلسطینیوں کے حق میں نہیں نکالا، کیا یہ لیڈر مسلمان اور پاکستانی نہیں؟ یہ مسجد اقصیٰ کی آزادی پر خاموش، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں غیرجانبدار رہے۔ ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کے لیے ایک لفظ بھی نہ بولے، ایسی قیادت کا عوام محاسبہ کریں۔ جنوبی پنجاب سے جماعت اسلامی الیکشن مہم کا آغاز کر رہی ہے، سودی نظام کا خاتمہ اور ملک خوشحالی اسلامی فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہو تو پھر عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب کے دو روزہ خوشحال پاکستان روڈ کارواں کے پہلے روز ڈیرہ غازی خاں، تونسہ میں جلسہ عام اور ریتلہ، واہوا، شاہ صدر دین، ٹبی قیصرانی، ناڑی، کوٹ موڑ، کلمہ چوک تونسہ، اڈا کریم والا، شادن ل±نڈ، ڈولے والا میں عوامی استقبال سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آج پاکستان میں سالانہ پانچ ہزار ارب کرپشن ہوتی ہے، جس کی ذمہ دار یہی حکومتیں ہیں۔ آج اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں۔ نواز شریف اور زرداری، شہباز شریف اور دیگر بھی خود کو احتساب کے لیے پیش کریں۔ غریب اپنے بچوں کو دو وقت کا کھانا کھلانے سے قاصر ہے۔ ان حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو عوام کی خوشحالی کے سفر کا آغاز ہو گا، ہم ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کریں گے۔

مزیدخبریں