اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے پاکستان ٹیلی ویژن کی59 ویں سالگرہ پر پی ٹی وی کے ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کی پروقار نشریات کا59 سالہ سفر قومی تشخص اور درخشاں روایت کا امین ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو پی ٹی وی کی 59 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی، جی ایم پی ٹی وی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ پی ٹی وی پاکستان کا قومی براڈ کاسٹر ہے جس نے59 سال میں شاندار سفر طے کیا۔ انہوں نے کہا کہ59 سال قبل لاہور میں میرے استاد اسلم اظہر نے ایک پرانی عمارت کے لان میں ٹینٹ لگا کر پی ٹی وی کی نشریات کا آغاز کیا۔ تقریب میں موجود وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا خیرمقدم کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی خود براڈ کاسٹر اور صحافی رہے ہیں، انہوں نے یہ سفر خود بھی دیکھا ہے، پنجاب میں ہونے والی تبدیلیوں کے باعث اب وہ ہر ایک کو محسن لگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جتنی تبدیلیاں دیکھی ہیں لگتا ہے وہ پنجاب کے شیر شاہ سوری بن جائیں گے۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے پی ٹی وی ملازمین کے ساتھ مل کر پی ٹی وی کی59 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور انہیں مبارکباد دی۔ بعد ازاں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی اور وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پی ٹی وی لاہور سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔