غزہ‘ قاہرہ‘ دوحہ‘ ریاض (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی ) غزہ میں عارضی جنگ بندی کے دوسرے اور تیسرے روز حماس نے مزید 13 اسرائیلی اور 4 تھائی شہریوں سمیت کو رہا کردیا۔ رہائی پانے والے اسرائیلیوں میں 5 خواتین اور 9 بچے شامل ہیں۔ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل کے حوالے سے حماس اور اسرائیل سے مذاکرات کئے اور رکاوٹوں کو دور کیا۔ جس کے بعد رات گئے حماس نے دوسرے مرحلے میں مزید 17 یرغمالیوں کو رہا کر دیا۔ اسرائیل کی جانب سے بھی 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا گیا جن میں 33 بچے اور 6 خواتین شامل ہیں۔ فلسطینی قیدی مغربی کنارے کے علاقے بیتونیا پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ رہا ہونے والے فلسطینیوں میں 38 سال کی اسراءجعابیص بھی شامل ہیں انہیں 2015 میں گرفتار کیا گیا تھا اور 11 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اسرائیلی حکام کاکہنا ہے کہ اسرائیلی یرغمالی بذریعہ رفاح کراسنگ مصر سے اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج شمالی غزہ میں امداد اور بے دخل فلسطینیوں کو واپسی سے روک رہی ہے۔ ڈرون کی پروازیں بھی جاری ہیں، مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں اور بربریت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مغربی کنارے میں 4 مختلف واقعات میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں 6 فلسطینی شہید اور 17 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے جنین میں اسرائیلی فوج بکتر بند گاڑیاں اور بلڈروز لے کر داخل ہوگئی اور سرچ آپریش کیا جس میں سنائپرز کو عمارتوں کی چھتوں پر تعینات کیا گیا تھا۔ کئی گھروں کو مسمار کردیا گیا۔ درجن سے زائد خاندان کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کی جارحیت کا دوسرا واقعہ قباطیہ میں پیش آیا جہاں ایک 25 سالہ ڈاکٹر شامخ کمال کو فوجیوں نے گولیاں مار کر شہید کردیا جبکہ ان کے بھائی شدید زخمی ہوگئے۔ اسی طرح البیرہ میں بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 16 سالہ نوجوان کو شہید کردیا جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے ہسپتالوں پر بھی بمباری کی۔ 24 گھنٹے میں 17 فلسطینی گرفتار کر لئے۔ غزہ میں 120 ٹرک داخل ہو گئے۔ ایندھن‘ کوکنگ آئل‘ گیس کے 2,2 ٹرک بھی شامل ہیں۔ جنگ بندی بغیر رکاوٹ آگے بڑھ رہی ہے۔ قطری وفد نے اسرائیل کا دورہ کیا۔ جنگ بندی میں توسیع کی گنجائش شروع کر دیں۔ حماس اسرائیلی یرغمالیوں کے تیسرے گروپ کو آج رہا کرے گی۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف عسکری جدوجہد کرنے والی جنین بریگیڈ نے اعلان کیا کہ وہ اسرائیلی افواج کے خلاف سخت مزاحمت کررہے ہیں اور کئی محاذوں پر ان کو پسپا کردیا ہے۔ شاہ سلمان ریلیف سینٹر غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کے لیے سمندری اور فضائی راستے سے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مرکز کے ترجمان نے غزہ میں خوراک اور طبی امداد پر مشتمل 11 ٹرکوں کے غزہ میں داخلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 19 مال بردار طیارہ امدادی سامان کے ساتھ کل مصر کے شہر العریش کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا۔ شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے ترجمان ڈاکٹر سامر الجطیلی نے انٹرویو کہا کہ امدادی جہاز میں طبی سامان، محلول، خوراک، بچوں کے لیے دودھ اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں"۔ اس کے علاوہ انہوں نے وضاحت کی کہ زمینی پل سے بہت بڑی مقدارمیں امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے۔ اس میں 350 ٹرک شامل ہیں۔ غزہ میں جنگ بندی کے تیسرے روز حماس نے 18 یرغمالیوں کو رہا کر دیا۔ مصری میڈیا کے مطابق 13 یرغمالی اور 5 غیرملکی ریڈ کراس کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ 9 بچے اور دوہری شہریت والا امریکی بھی شامل ہے۔ حماس کے مطابق اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا۔ تھائی لینڈ کے 4 اور روس کے ایک شہری کو بھی ریڈ کراس کے حوالے کر دیا ہے۔ 2016ءسے اسرائیل میں قید اسرا جعابیص بھی رہائی پانے والی فلسطینی خواتین میں شامل ہیں۔ اسرا کی کار میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگی تو انکا جسم جھلس گیا۔ اسرائیل نے استدعا کے باوجود بروقت طبی امداد فراہم نہ کی۔ اسرائیلی فورسز نے حملے کی سازش کا الزام لگا کر گرفتار کیا۔ رہائی سے پہلے ہی اسرائیلی فورسز نے اسرا کے گھر کا گھیرا¶ کر لیا اور لوگوں کو جمع ہونے سے روک دیا۔ میسون الجیالی اور مالک سلمان کو آٹھ سال بعد رہائی ملی۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مصری وزیر خارجہ کو ٹیلی فون کیا۔ مصری حکام کے مطابق دونوں وزراءخارجہ نے حماس‘ اسرائیل جنگ بندی کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر بات کی۔ حماس‘ اسرائیل جامع جنگ بندی کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ یمن کے ساحل کے قریب حوثی باغیوں نے ایک اور اسرائیلی بحری جہاز اغوا کر لیا۔ یہ اسرائیلی ارب پتی تاجر کی کمپنی Maritino 20dic کی ملکیت ہے۔ عملے کے 22ارکان موجود ہیں۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے غزہ میں اسرائیلی فوج کیخلاف جنگ میں ملٹری کونسلر کے رکن و شمالی بریگیڈ کے کمانڈر احمد الضندور المعروف ابو انس سمیت 4 اہم کمانڈرز کی شہادت کا اعلان کر دیا۔ ان میں رفعت سلمان‘ وائل رجب‘ ایمن صیام شامل ہیں۔امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ حماس نے چار سالہ امریکی یرغمالی کو بھی رہا کر دیا گیا۔ قیدیوں کے تبادلے کیلئے اسرائیل حماس لڑائی میں وقفہ جاری رہنے کی امید ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں نامعلوم مقام پر اسرائیلی فوجیوں سے ملاقات کی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے فوجیوں سے خطاب میں کہا کہ جنگ کے تین مقاصد ہیں۔ پہلا حماس کا خاتمہ اور دوسرا یرغمالیوں کی واپسی جنگ کا تیسرا مقصد ہے غزہ دوبارہ اسرائیلی ریاست کیلئے خطرہ نہ بنے۔
جنگ بندی معاہدہ: مزید قیدیوں کا تبادلہ، حوثیوں نے پھر اسرائیلی بحری جہاز اغوا کر لیا
Nov 27, 2023