ننکانہ صاحب‘ فاروق آباد‘ لاہور (نامہ نگاران + نامہ نگار خصوصی) سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے 554ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے 2452سکھ یاتری جتھہ لیڈر سردار خوشویندر سنگھ کی قیادت میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچ گئے، جہاں ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صاعد عزیز اور محکمہ اوقاف بورڈ افسروں نے شاندار استقبال کیا۔ سکھ یاتریوں پر گل پاشی کی گئی جبکہ پنجاب پولیس کے بینڈ نے انہیں سلامی دی، ضلعی پولیس کی طرف سے سکھ یاتریوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ بھارتی سکھ یاتریوں نے مثالی استقبال کرنے پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ سکھ یاتریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ملنے والے پیار کو تمام عمر نہیں بھلا پائیں گے۔ پاکستان آکر خود کو بہت محفوظ سمجھ رہے ہیں جس سے ہمیں یقین ہو گیا ہے کہ پاکستان ایک پر امن اور محبت کرنے والوں کا ملک ہے۔بھارتی سکھ یاتری سکیورٹی کے کڑے حصار میں گورودوارہ سچا سودا کی یاتراکے لیے نواحی قصبہ فاروق آباد سچا سودا گئے جو وہاں متھاٹیکی کے بعد شام کو خصوصی بسوں کے ذریعے واپس ننکانہ صاحب پہنچ گئے‘ جنم دن کی مرکزی تقریب آج ہو گی۔ آج گورودوارہ جنم استھان سے گوروگرنتھ کا عظیم الشان جلوس نکالا جائے گا جو شہر کے سات مختلف گورودواروں کی یاترا کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔ جنم کی تقریبات رات گئے اکھنڈ پاٹھ کی رسم کے اختتام پر نقطہ عروج کو پہنچ جائیں گی۔ فاروق آباد میں عارضی ہسپتال قائم کیا گیا‘ یاتریوں کیلئے لنگر کا اہتمام بھی کیا۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے پاکستان آئے ہوئے سکھ یاتریوں کا گورودوارہ سچا سودا کا دورہ ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم نے استقبال کیا‘ سکھ یاتریوں نے گورودوارہ سچا سودا میں ماتھا ٹیکا اور مذہبی رسومات ادا کیں۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبران نے بورڈ کے ذمہ داران کی ہمراہی میں یاتریوں کو گورو کا لنگر پیش کیا۔ بھارت سے آنے والے پربندھک کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار خوشویندر سنگھ اور ڈپٹی لیڈر سردار رنجیت سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انتظامات کو شاندار قرار دے دیا گیا۔ گورودواروں کی دیکھ بھال پر متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے شکرگزار ہیں۔ سکھ گورودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار جیتندر پاک سنگھ اور ڈپٹی لیڈر سردار بلوندر سنگھ نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے حوالے سے معاملات کی دل کھول کر تعریف کی۔