اسلام آ باد،تہران(نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سے غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی مزید دو ہزار 127 افغان باشندے اپنے ملک روانہ ہوچکے ۔ پاکستان نے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن کے بعد سے غیرقانونی افغان باشندوں کے انخلا کے لئے مختلف اقدامات کررکھے ہیں جن کی بدولت اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد افراد افغانستان واپس جاچکے ہیں۔ 25 نومبر کو مزید 2127 غیرقانونی افغان باشندے سرحد پار کرکے اپنے ملک واپس چلے گئے ہیں جن میں 527 مرد، 549 خواتین اور ایک ہزار 39 بچے شامل تھے۔ 453 خاندانوں پر مشتمل یہ افراد چون گاڑیوں پر افغانستان بھجوائے گئے۔ اب تک اپنے ملک واپس جانے والے غیرقانونی افغان باشندوں کی تعداد دو لاکھ ترپن ہزار ایک سو پینتس ہوچکی ہے۔ایران نے بھی افغان تارکین وطن کیلئے سخت اقدامات شروع کر دیئے۔ افغان میڈیا کے مطابق ایران سے بے دخل کئے گئے افغان شہریوں کا کہنا ہے کہ پاسورٹ اور ویزا ہونے کے باوجود انہیں ایران سے نکال دیا گیا۔ ایرانی اہلکاروں نے کچھ افغانیوں کے پاسپورٹ اور ویزا پھاڑ کر زبردستی بے دخل کیا۔
مزید دو ہزار 127افغان باشندے اپنے ملک جاچکے
Nov 27, 2023