شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)شہری آبادیوں میں ٹرکوں دیگر بڑی مال بردار گاڑیوں کی دن میں داخلے پر پابندی کے اقدام پر عملدر آمد نہیں ہورہا اور اوور لوڈ ٹرک فیصل آباد روڈ،لاہور روڈ، سرگودھا روڈ ، گوجرانوالہ روڈ، مریدکے روڈ، شرقپور روڈ اور حافظ آباد روڈ سے متصل آبادیوں کے تنگ راستوں کے ذریعے شہر کے مختلف رہائشی علاقوں میں لائے جارہے ہیں جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں،شہریوں کے مطابق لوڈر ٹرکوں و ٹرالرز کو دن کے وقت شہری علاقوں میں لائے سے منع کیا گیا ہے اور رات 11بجے سے صبح 5 بجے تک کا وقت شہری آبادیوں میں ان بڑی گاڑیوں کو لانے کیلئے مختص ہے تاکہ اندرون شہر ٹریفک کا دبائو کم ہو اور گنجان آبادی شہری علاقوں کے مکینوں کو بھی کسی طرح کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے مگر ان احکامات کو ہوا میں اڑایا جارہا ہے اور مال بردار ٹرک شہری آبادیوں میں دن میں لانے کا سلسلہ جاری ہے ۔شہریوں نے ڈی ایس پی ٹریفک سے لوڈر گاڑیوں کے دن کے وقت شہر میں داخل ہونے کا نوٹس لینے اورفیلڈ عملہ کو کارروائی کا پابند بنانے کی اپیل کی ہے۔