گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران اسلام آباد میں بدترین تصادم میں 3رینجرز اور 2پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ شہر اقتدار میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی جبکہ عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا،اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ایم پی اے عمر فاروق ڈار،صدر برطانیہ مسلم لیگ (ن) احسن ڈار،سابق مئیر شیخ ثروت اکرام اورسابق ڈپٹی میئر و سٹی صدر سلمان خالد پومی بٹ نے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ سیاسی احتجاج کو پرتشدد بنانے کی کسی طور اجازت نہیں دی جا سکتی۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کیخلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور فورسز کے درمیان تصادم کا سلسلہ رکنا چاہیے تاکہ ملک میں امن و امان کی فضا بحال ہو سکے۔