لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی زونل ڈائریکٹر صدیقہ خالد سے ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ سیلولرکمپنیوں کو کارکردگی بہتر بنانے اور سسٹم اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی جائے کیونکہ سگنلز اور انٹرنیٹ کے مسائل کی وجہ سے کاروباری شعبہ اور آئی ٹی سیکٹر کو بھاری نقصان ہورہا ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چودھری اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن آصف ملک نے بھی خطاب کیا۔ میاں ابوذر شاد نے کہاسیلولر کمپنیاں نئے کنکشنز جاری کر رہی ہیں لیکن انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ نہیں کررہی رہیں۔ مارکیٹوں میں سگنلز کے سنگین مسائل ہیں۔ حکومت موبائل فون ریچارج پر 25 فیصد ٹیکس لے رہی ہے ، اسے سیلولر کمپنیوں کی کارکردگی پر بھی نظر رکھنی چاہیے۔پی ٹی اے کی زونل ڈائریکٹر صدیقہ خالد نے لاہور چیمبر کے عہدیداروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل متعلقہ حکام اور سیلولر کمپنیوں تک پہنچائے جائیں گے۔