لاہور (لیڈی رپورٹر ) ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام لاہور چیمبر آف کامرس میں خواتین کی معاشی خودمختاری اور فلاح و بہبود کے موضوع پر ایک سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خواتین سعدیہ تیمور نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین کے مختلف شعبوں میں کردار کو اجاگر کرنا اور ان کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ میاں محمد عثمان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کی ترقی اورحقوق کے تحفظ کیلئے متعدد موثر منصوبے متعارف کرائے ہیں۔صدر ویمن چیمبر آف کامرس مس فلاحت عمران نے کہا اس پروگرام کا مقصد خواتین کو ضروری رہنمائی اور سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ خود کفالت کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔