کراچی(این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیخلاف الزام ہوگا تو آئینی بینچ کے سامنے پیش کیا جائے۔سندھ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی ، عدالت نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر ہدایت جاری کردیں۔ عدالت نے ہدایت دی کہ جس درخواست میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف الزام ہوگا تو آئینی بینچ کے سامنے پیش کیا جائے، اغوا یا گمشدگی سے متعلق معاملات میں ریگرلر بینچ کے روبرو پیش کیا جائے۔عدالت نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد مِسنگ پرسن کا کیس نہیں ہے، یہ تحقیقات کا معاملہ ہے،عدالت کیوں تحقیقات کی نگرانی کرے، عدالت نے درخواستوں کو ایف آئی آر کے اندراج کے بعد مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔سندھ ہائیکورٹ نے دیگر درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت کے کیلئے ملتوی کردی۔