کراچی(این این آئی)گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا پی ٹی آئی کے احتجاج پر کہا ہے کہ رہائیاں مظاہروں سے نہیں، عدالتوں سے ہوتی ہیں۔لندن سے استنبول آمد پر صحافیوں سے گفتگو میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد جانے کی ضد ہے تو اس کا حل ہے، پریڈ گرائونڈ یا پشاور موڑ پسند نہیں تو رنگ روڈ چلے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رنگ روڈ کے چکر کاٹتی رہے، پھر واپس چلی جائے۔گورنر سندھ نے پی ٹی آئی کے مظاہرے کے دوران تشدد سے پولیس اہلکار کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بیلاروس کے صدر کے احترام میں پی ٹی آئی احتجاج ختم کرے، امید ہے بیلاروس کے صدر کے دورے سے معیشت مضبوط ہوگی۔