لاہور (نامہ نگار) سانحہ کرم کے باعث پیپلز پارٹی کا 57واں یوم تاسیس انتہائی سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کی منظوری جنرل سیکرٹری پی پی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی نے عابد صدیقی کی رہائش گاہ پر کنوینیئر صوبائی مانیٹرنگ کمیٹی عثمان ملک کی صدارت ہونیوالے اجلاس کی سفارش پر دی ہے۔ سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ 30نومبر کو ورکرز کنونشنز سادگی سے ہوں گے۔ ڈھول دھمکا اور آتشبازی نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈاکٹر خیام حفیظ، ڈاکٹر احسن منظر، عمران اٹھوال، خالد بٹ، مسعود ملک، راؤ خالد، نسیم صابر اور مدثر شاکر نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس اندرون شہر پانی والا تالاب پر فیصل میر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران جاوید الیاس بٹ، سبط حسن، شہباز درانی اور منصور کٹاریہ نے شرکت کی۔ آرگنائزنگ کمیٹی نے پانی والا تالاب کے اردگرد سے آنے والی رابطہ سڑکوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں مانیٹرنگ کمیٹی کے ممبران نے متفقہ قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارا چنار میں بہیمانہ دہشت گردی اور قتل کی شدید مذمت کرتی ہے۔ اس مشکل وقت میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ پارا چنار ہلاکتیں ملک میں بڑھتے ہوئے عدم تحفظ اور لاقانونیت کی واضح مثال ہیں۔
سانحہ کرم‘ پیپلز پارٹی کا ہفتہ کو یوم تاسیس سادگی سے منانے کا فیصلہ
Nov 27, 2024