شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف سندھیلہ نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت نے اپنی سیاست داؤ پر لگا کر نہ صرف پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ معیشت کی بہتری کیلئے بھی عملی اقدامات کئے۔ حکومتی انتھک جدوجہد کے باعث پاکستان خوشحالی کا گہواہ بن رہا ہے اور عوام کو بھرپور ریلیف میسر ہے، ملکی ترقی کے اس عمل کو بریک لگنے نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ باشعور پاکستانی عوام معاشی خوشحالی چاہتے ہیں اور ترقی پسند جماعت (ن) لیگ کے ساتھ ہیں تاکہ درپیش مسائل و بحرانوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ انتقام کی بجائے تعمیری سیاست کی سوچ رکھتی ہے۔