اسرائیلی کابینہ نے بھی لبنان کیساتھ جنگ بندی کی منظوری دیدی: القاسم بریگیڈ کا حملہ، 20 صیہونی فوجی ہلاک

Nov 27, 2024

غزہ /بیروت (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) غزہ اور لبنان پر صہیونی فوج کے حملوں میں تیزی آگئی۔ غزہ میں کمال عدوان ہسپتال پر فضائی حملے میں متعدد افراد شہید ہو گئے۔ جنگ زدہ علاقے میں انسانی المیہ شدت اختیار کرگیا۔ اسرائیلی کابینہ نے لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی منظوری دے دی جبکہ اقوام متحدہ کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں سرد موسم اور سیلاب سے پانچ لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ 24گھنٹے کے دوران غزہ میں 35 فلسطینی شہید، 94 زخمی ہوگئے ہیں۔ غزہ میں سیلاب سے پانچ لاکھ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ بیروت پر فضائی حملوں میں 29 افراد شہید ہو گئے ہیں۔ حزب اللہ کی جوابی کارروائی بھی جاری ہے۔ اسرائیل پر 340 میزائل اور ڈرون فائر کئے۔ دوسری جانب شمالی غزہ میں القسام بریگیڈ کے حملے میں 20 اسرائیلی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا کہ اس نے بیت لاہیہ میں قابض اسرائیلی فوج پر گھات لگا کر حملہ کیا ہے جس کے بعد قابض فوج اور مجاہدین کے درمیان گھمسان کی لڑائی شروع ہو گئی۔ بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے مجاہدین نے وسطی بیت لاہیا میں طیبہ مسجد کے قریب ایک مکان میں فوجیوں پر مشتمل اسرائیلی فوج کے ساتھ مشین گنوں اور دستی بموں سے حملہ کیا۔

مزیدخبریں