حلف اٹھاتے ہی میکسیکو، کینیڈا اور چینی اشیاء پر بھاری ٹیکس عائد کروں گا: ٹرمپ

Nov 27, 2024

نیویارک+بیجنگ (نیٹ نیوز+نوائے وقت رپورٹ) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدر کا حلف اْٹھاتے ہی میکسیکو، کینیڈا اور چین سے آنے والی اشیا پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کے حکم نامے پر دستخط کردیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ‘‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ وہ میکسیکو اور کینیڈا کی درآمدی اشیا پر 25 فیصد جب کہ چین سے آنے والی اشیاء  پر عائد موجودہ ٹیکس پر مزید 10 فیصد اضافہ کریں گے۔ٹرمپ نے مزید بتایا کہ میکسیکو اور کینیڈا پر محصولات اس وقت تک برقرار رہیں گے جب تک کہ یہ دونوں ممالک امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی تارکین وطن پر پابندی نہیں لگاتے۔نومنتخب امریکی صدر نے کہا کہ میکسیکو اور کینیڈا دونوں کے پاس اس مسئلے کو آسانی سے حل کرنے کا مکمل حق اور طاقت موجود ہے اور وقت آگیا ہے کہ وہ کر گزریں ورنہ اس کی قیمت ادا کریں۔اپنی ایک اور پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ چین پر 10 فیصد اضافی ٹیکس اْس وقت عائد رہے گا جب تک وہ منشیات فروشوں کو سزائے موت دینے کا اپنا وعدہ پورا نہیں کرتا۔ ٹرمپ کے چینی درآمدی اشیاء پر اضافی ٹیرف لگانے سے متعلق بیان پر ترجمان چینی وزارت خارجہ نے ردعمل پر کہا ہے مصنوعات پر اضافی ٹیرف کے معاملے پر امریکہ سے مذاکرات کو تیار  ہیں۔

مزیدخبریں