لاہور:راستوں کی مسلسل بندش‘  پروازیں منسوخ‘ پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل

Nov 27, 2024

لاہور+ اسلام آباد+ گوجرانوالہ+ قصور+ فیروز والہ (نامہ نگار+ کامرس رپورٹر+ نمائندگان) پولیس نے تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو گزشتہ روز دوبارہ سیل کردیا۔ راوی پل، ٹھوکر نیاز بیگ، بابوصابو، رنگ روڈ اور موٹر وے سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردئیے گئے۔ لاہور اسلام آباد، لاہور سیالکوٹ موٹروے مکمل بند ہیں۔ لاہور رنگ روڈ، ایسٹرن بائی پاس بھی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ علاوہ ازیں اس صورتحال میں شہری خوار ہوکر رہ گئے۔ جبکہ ایمبولینس بھی ٹریفک رش میں پھنس گئیں۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ رنگ روڈ کی بندش سے شہر میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت میں معمولات زندگی تیسرے روز بھی معمول پر نہ آسکے۔ ضلعی انتظامیہ نے ہزاروں مظاہرین کے اسلام آباد میں داخل ہوکر ڈی چوک پر بیٹھ جانے کے باعث اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو آج بھی بند کرنے کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں انتظامیہ نے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے اور مظاہرین کے خلاف ممکنہ آپریشن کے پیش نظر اسلام آباد کے کاروباری مراکز کو بھی بند کروا دیا۔ راستوںکی بندش کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں تعطل کا معاملہ سنگین ہونے لگا۔ آئل ٹینکرز ڈیلرز ایسوسی ایشن نے متبادل روٹس کھولنے کا مطالبہ کر دیا۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق سپلائی چین ٹوٹنے سے صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میںپٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ راولپنڈی، اسلام اباد میں کھانے پینے کی اشیاء کی سپلائی شدید طور پر متاثر ہوئی ہے۔ اشیاء ضروریہ کی قلت کی وجہ سے ان کے نرخوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام اباد میں ٹماٹر 300 روپے کلو سے تجاوز کر گئے ہیں۔ اسلام آباد کی 5 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی اور کوئٹہ سے اسلام آباد کی پروازیں پی کے 326 اور 310 جبکہ کراچی اور اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 369 کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق دبئی، اسلام آباد اور عمان کی خصوصی پروازیں آر جے 71 اور آر جے 72 کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر مختلف ایئر لائنز کی 28 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ گوجرانوالہ میں چوتھے روز بھی شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند ہونے سے اشیاء خوردونوش کی قلت کا خدشہ ہے۔ پھل، سبزیاں مہنگی، دیہاڑی دار طبقہ بھی پریشان ہو گیا۔ قصور میں بھی راستوں کی بندش سے مسافر، مریض اور دیگر تقریبات میں شرکت کے لیے جانے والے شہری ٹریفک میں پھنس گئے جبکہ اشیاء خوردونوش اور سبزی منڈی تک رسائی نہ ملنے سے قیمتوں میں بے پناہ اضافہ  ہو  گیا۔  شہریوں کی معمولات زندگی معطل ہرکر رہ گئی۔  فیروز والہ میں فیکٹری مزدوروں کی بسیں فیکٹریوں میں نہ پہنچ سکیں جس سے فیکٹریوں میں پراڈکشن جاری رکھنا مشکل ہو گیا۔ پی ٹی آئی احتجاج اور ریڈ زون میں راستوں کی بندش کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیسز التواء کا شکار ہوگئے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق گذشتہ روز بھی دستیاب نہیں ہوسکے، جس کے باعث کورٹ روم نمبر ون کی کاز لسٹ کینسل کر دی گئی۔ چیف جسٹس نے بانی پی ٹی آئی کا خواجہ آصف کے خلاف دس ارب ہرجانہ کیس کی سماعت کرنا تھی۔ قیدیوں کی سیاسی بات چیت پر پابندی کی شق کو کالعدم قرار دینے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف چیف کمشنر اور پنجاب حکومت کی اپیل پر بھی سماعت نہ ہو سکی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کرنا تھی۔ جی ٹین اور جی نائن میں کشیدہ صورتحال کے باعث ملزمان کو عدالتوں میں پیش نہ کیا جا سکا۔ عدالتوں کے عین باہر مین سری نگر ہائی وے پر حالات کشیدہ رہے۔ پولیس اور انتظامیہ کو اڈیالہ جیل کے دیگر قیدیوں کو بھی عدالتوں میں پیشی کے لیے مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ دریں اثناء شیخوپورہ میں پی ٹی آئی کے گرفتار شدہ 112 کارکنوں کو جوڈیشل مجسٹریٹس کی عدالتوں سے رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔

مزیدخبریں