پشاور (نوائے وقت رپورٹ) ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں فریقین کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کے مطابق فریقین کے درمیان جھڑپوں میں مزید 10 افراد جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہو گئے ہیں۔ اب تک فائرنگ کے واقعات میں 99 افراد جاں بحق جبکہ 132 زخمی ہوئے۔ کشیدہ صورتحال کے تحت تعلیمی ادارے 5 روز بند رہیں گے۔ پارا چنار مرکزی شاہراہ سمیت آمدورفت کے تمام راستے چھٹے روز بھی بند رہے۔ مرکزی شاہراہ بند ہونے سے افغانستان کے ساتھ خرلاچی بارڈر پر بھی تجارت بند ہے۔ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی معطل ہے‘ عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایم این اے حمید حسین نے کہا ہے کہ آمدورفت کے راستے کھول کر محفوظ بنائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
کرم: جھڑپیں جاری، مزید 10 افراد جاں بحق، 21 زخمی، تعلیمی ادارے 5 روز کیلئے بند
Nov 27, 2024