لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے اوپنر صائم ایوب کی شاندار سنچری کی بدولت زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا دوسرا میچ بلاوائیو میں کھیلا گیا ۔ میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے کی بیٹنگ لائن پاکستانی بائولرز کے سامنے جم کر بیٹنگ نہ کرسکی اور ٹیم 32.3 اوورز میں 145 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ اوپنر جویلورڈ گمبی 5 جبکہ تادیوانشے مارومانی 4 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ تیسری وکٹ کیلئے 38 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم ڈیون مائرز 33 اور کپتان کریگ ایروائن 18 بناکر پویلین لوٹ گئے، بعدازاں کوئی بھی بیٹر پاکستانی بالرز کا مقابلہ نہ کرسکا۔سکندر رضا 17، سین ولیمز 31، برائن بینیٹ 14، بلیسنگ مزاربانی 11، برینڈن ماوتا 3 اور رچرڈ نگروا 2 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے 4، سلمان علی آغا نے 3 اور صائم ایوب اور فیصل اکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ ایک بیٹر رن آؤٹ ہوا۔جواب میں 146 رنز کا ہدف پاکستان نے بغیر وکٹ گنوائے18.2 اوور رمیں سانی حاصل کرلیا۔ صائم ایوب نے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کرتے ہوئے 113 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق 32 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔صائم نے تین چھکے اور سترہ چوکے لگائے۔صائم ایوب کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی کامیابی کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں سپنر ابرار احمد اور طیب طاہر کا ڈیبیو ہوگا جبکہ محمد حسنین اور حسیب اللہ کو ڈراپ کیا گیا ہے۔