لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے مستقبل پر غور کیلئے 29 نومبر کو بورڈ میٹنگ بلالی۔آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈولنگ اور مستقبل پر غور کیا جائیگا، اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی پر مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ ان آپشنز میں چیمپئنز ٹرافی کا ہائبرڈ ماڈل، پاکستان سے مکمل منتقلی یا ٹورنامنٹ کا التوا شامل ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ کی ترجیح چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل کو اپنانا ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اس ماڈل کی مخالفت کرچکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ ارکان کی رائے اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی کوئی حتمی فیصلہ کریگا۔واضح رہے کہ بھارت پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے۔پاکستان کسی بھی ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی تاحال شیڈول اعلان نہیں کر سکی ہے۔آئی سی سی کو براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے جلد اعلان کیلئے دبائوکا سامنا ہے اور براڈ کاسٹ رائٹس کے مطابق پاکستان‘ بھارت میچ نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔