اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی) پاک افغان بارڈر پر پھر دراندازی کی کوشش کرنے والے تین خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 25 اور 26 نومبر کی درمیانی شب خوارجیوں کے ایک گروپ نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین خوارجیوں کو ہلاک کر دیا۔ شمالی وزیرستان کے ضلع حسن خیل سے خوراجی گروپ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ پاکستان مستقل عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے۔ امید ہے کہ افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں خوارج کی افعانستان سے پاکستان داخل ہونے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے تین خوارج کو جہنم واصل کرنے پر افسروں و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے پیاروں سے دور ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج پاکستان کے افسران و جوان لائق تحسین ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری‘ بلاول بھٹو نے سکیورٹی فورسز کو شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر دراندازی ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔ صدر مملکت نے کارروائی کے دوران تین خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ صدر مملکت صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ملکی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک افغان بارڈر سے خوارجی دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔