کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز منفی ہوا۔ اس صورتحال نے پرافٹ ٹیکنگ کو جنم دیا اور مزید فروخت کے دباؤ سے 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 3505پوائنٹس کم ہو گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 98ہزار 79پوائنٹس سے گھٹ کر 94ہزار 574پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 1113 پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 30ہزار 558پوائنٹس سے کم ہو کر 29ہزار 444 پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 62ہزار 171 پوائنٹس سے کم ہو کر 59ہزار 784 پوائنٹس ہو گیا۔ کاروباری مندی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 4کھرب 81ارب 26کروڑ 19لاکھ 18ہزار 877روپے کی کمی واقع ہوئی۔ منگل کو 4100 روپے کی کمی سے ایک تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 74ہزار 300روپی ہو گئی اور 10گرام سونا 3515روپے کی کمی سے 2لاکھ 35ہزار 168روپے کا ہو گیا۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں 41 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 2631ڈالرپر آگیا۔ منگل کو انٹر بنک میں روپے کی قدر میں 5 پیسے کی کمی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں 11پیسے کا اضافہ ہوا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 277.85روپے کی سطح سے گھٹ کر 277.80روپے رہا۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر 278.79روپے کی سطح سے بڑھ کر 278.90 روپے ہو گیا۔