راولپنڈی(محبوب صابر /جنرل رپورٹر)محکمہ مال راولپنڈی میں تحصیلدار سٹی کے تبادلے کے بعد اب تک کسی نئے تحصیلدار کی تعیناتی نہیں کی جا سکی، جبکہ ڈسٹرکٹ پروموشن کمیٹی کا اجلاس بھی تاخیر کا شکار ہے، تحصیلدار سٹی کا اضافی چارج نائب تحصیلدار آصفہ کرن کو دیا گیا ہے،تحصیلدار کینٹ چوہدری نذر گوندل اور تحصیلدار صدر ملک شوکت اقبال تعینات ہیں، ان کے علاوہ نائب تحصیلداروں میں ثاقب ریحان، چوہدری قمر الحق، مرزا منصور احمد اور میڈم نتاشا سفیر تعینات ہیں،تحصیل کینٹ اور تحصیل سٹی میں 3/3قانون گو ئیاں ہیں جب کہ سب سے زیادہ قانون گوئیاں تحصیل صدر میں 7ہیں ان تینوں تحصیلوں میں 356موضع جات ہیں، جہاں پٹواری اور گرداور تعینات ہیں، تحصیلوں میں مزید عملے کی ضرورت ہے جبکہ ان تینوں تحصیلوں میں نائب قاصدوں کی بھی کمی ہے، کچھ عرصہ قبل جب تحصیلدار چوہدری نعیم اللہ تھے تو انہوں نے ڈی سی کو قاصدوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے گزارش کی تھی لیکن اس طرف توجہ نہیں دی جا سکی،پٹواریوں اور فرداروں کی ترقی کا عمل بھی سست روی کا شکار ہے گزشتہ تین سال سے ڈسٹرکٹ پروموشن کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوا جس کی وجہ سے ترقی کا عمل رکا ہوا ہے۔