وزیراعلی پنجاب کسان پیکج سے کاشتکاروں کا معیار زندگی بہتر ہوگا، وزیر زراعت

Nov 27, 2024

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک، سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم کی کاشت سے متعلق جاری مہم اور وزیر اعلی پنجاب کسان پیکیج سمیت دیگر اہم منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں اب تک ایک کروڑ 20 لاکھ ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت مکمل ہو چکی ہے۔گندم کی کاشت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے تمام وسائل وذرائع بروئی کار لائے جا رہے ہیں۔صوبہ بھر میں ڈی اے پی سمیت دیگر کھادیں وافر مقدار میں موجود ہیں اور کاشتکاروں کو کنٹرول ریٹ پر دستیاب ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ کسان کارڈ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ایک تاریخ ساز اور کسان دوست منصوبہ ہے۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کسان کارڈ کے ذریعے 30 فیصد کیش نکلوانے کی سہولت بھی کاشتکاروں کو مہیا کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ نان ڈیجیٹائزڈ موضع جات کے کاشتکاروں بھی کسان کارڈ کے حصول کیلئے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب کسان کارڈ کے حصول کے لیے کاشتکاروں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ 50 ہزار کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیادہ گندم اگا پالیسیوں کے باعث زرعی مداخل وافر مقدار میں دستیاب ہیں جس کے باعث کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔

مزیدخبریں