اسلام اباد میں پی ٹی آئی کے مظاہرین کو بلو ایریا اور دیگر مقامات سے باہر نکالنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ دارالحکومت میں سڑکیں فوری طور پر کھولی جا رہی ہیں اور بدھ کی صبح تک سڑکیں کھول دی جائیں گی۔رات گئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد میں سکولز بھی بدھ کے روز کھول دیے جائیں گے تاہم جب صحافیوں نے انہیں یاد دلایا کہ اسکولوں کی چھٹی کا اعلان ہو چکا ہے تو وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسکول جمعرات سے کھلیں گے۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس بھی بدھ کو کھل جائےگی،انٹرنیٹ بھی کھول دیں گے۔ اسلام اباد کو خالی کرانے پر رینجرز کے کردار کی تعریف کی۔بشری بی بی اور علی امین گنڈا پور کے حوالے سے سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ وہ فی الحال تو فرار ہیں۔ وزیر داخلہ سے پوچھا گیا تھا کہ کیا بشری بی بی اور علی امین گنڈاپور کو گرفتار کیا گیا ہے۔محسن نقوی نے ان دونوں کے تعاقب سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے انکار کیا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے جو مظاہرین گرفتار ہوئے ہیں ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔