راولپنڈی(جنرل رپورٹر)شہادت خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے سلسلے میں قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے قائم کردہ عالمی عشرہ عزائے فاطمیہ کی مجالس ملک کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی ریجن میں بھی شروع ہوگئیں۔ امامبارگاہوں، عزاخانوں میں مجالس عزا منعقد ہوئیں جن سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام،واعظین و ذاکرین نے اسوہ بتول کو طبقہ نسواں کیلئے کامل نمونہ عمل قراردیا اور سیرتِ سیدہ فاطمہ زہرا پر روشنی ڈالی۔مسجدو امام بارگاہ کاظمین میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدشبیہ الحسن کاظمی نے کہا کہ اسوہ بتول ؓ دنیا بھر کی خواتین کیلئے بہترین نمونہ عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ طبقہ نسواں کو اپنی اصلا ح اور فلاح کیلئے دخترِ رسول کریم ؓ کی تعلیمات کی عملی پیروی کرنی چاہیئے کیونکہ مادیت و جہالت نے معاشرے کواخلاقی اور روحانی طور پر پستیوں میں دھکیل دیا ہے جس سے نکلنے کیلئے مشاہیرِ دین و رشریعت اور پاکیزہ خانوادہ عصمت وطہارت کے دامن سے وابستگی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم اقوام و عالم اسلام کو استعماری طاقتوں کے ظلم و ستم سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے دامن محمد و آل محمد کو مضبوطی سے تھامنا ہوگا۔ امام بارگاہ قصر زینب پیر گروٹی میں عشرہ عزائے فاطمیہ کی پہلی مجلس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا کے طرز حیات کوعالم نسوانیت کیلئے آئیڈیل قراردیا۔علی مسجدمیں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدوقارنقوی نے نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہر انے اپنے بابا کی موجودگی میں اپنی ماں خدیج الکبری کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کار رسالت میں رسالتمآب کا ہاتھ بٹایا۔انجمن کنیزان امام العصر و الزمان کے زیر اہتمام شعب ابی طالب میں مجلس سے لوا زینب کاظمی اور سید ہ بنت موسی موسوی نے خطاب کیا۔
اسوہ بتول ؓ دنیا بھر کی خواتین کیلئے بہترین نمونہ عمل ہے،علامہ شبیہ الحسن کاظمی
Nov 27, 2024