پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یو ژیا نے جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کے ساتھ اعلی سطح کا وفد بھی جی ایچ کیو پہنچا ۔چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کی چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں دونوں ممالک کے وفود بھی بات چیت میں شریک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، علاقائی استحکام کے لئے اقدامات اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے ہر موسم کے دیرینا مثالی تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر کھڑے ہیں، پاک چین تعلقات اور تاریخی شراکت داری وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پورا اترے ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وائس چیئرمین ژانگ یوشیا نے سٹریٹجک پارٹنرشپ کے حوالے سے پاکستان کی ثابت قدمی کو سراہا، انہوں نے انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں میں پاک فوج کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور اس پائیدار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل ژانگ یوشیا نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، جی ایچ کیو آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔