اسلام آباد اور راولپنڈی پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث تین دن کے لیے بند تمام سرکاری اور نجی اسکول کل سے دوبارہ کھل جائیں گے۔یہ اعلان وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کلیئرنگ آپریشن کے بعد کیا. جس میں پی ٹی آئی کے مظاہرین کو احتجاجی مقامات خالی کرنے پر مجبور کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ اسکول کل (جمعرات) سے کھل جائیں گے اور موبائل انٹرنیٹ سروسز آج بحال ہو جائیں گی۔اسکولوں کی طویل بندش نے والدین میں تشویش پیدا کر دی تھی، جو بچوں کی تعلیمی کارکردگی پر منفی اثرات کے بارے میں فکر مند تھے۔ کئی والدین نے نشاندہی کی کہ طلبہ پہلے ہی تعلیمی میدان میں شدید نقصان کا سامنا کر چکے ہیں۔ اگرچہ کچھ علاقوں میں آن لائن کلاسز کا انتظام کیا گیا تھا لیکن والدین کا کہنا تھا کہ یہ چھوٹے بچوں کے لیے روایتی تعلیم کا متبادل نہیں بن سکتے۔بدھ کی صبح تک جڑواں شہروں میں زندگی معمول پر آنا شروع ہو گئی اور حکام نے تمام راستوں کو کھول دیا۔ اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ شہر بھر کے تمام بند راستے فوری طور پر کھلوانے کو یقینی بنائیں۔ عرفان میمن نے اہم چوراہوں پر صفائی کے کام کا بھی حکم دیا تاکہ علاقے کی صفائی اور نظام بحال کیا جا سکے۔