لاہور (کلچرل رپورٹر) لاہور میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد فنکاروں، تھیٹر، سینما اور فلم سٹوڈیوز کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ فلم سٹوڈیو رات کو 8 بجے بند کر دئیے جاتے ہیں۔ تھیٹر اور سینما گھروں کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ فنکاروں نے اپنی سکیورٹی بڑھا لی ہے۔ تھیٹر اور سینما گھروں کی انتظامیہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تھیٹر ہالوں اور سینما گھروں کے اندر تو سکیورٹی کے انتظامات کئے ہیں۔ تھیٹر ہالوں اور سینما گھروں سے باہر پولیس کی نفری تعینات کی جائے۔ یاد رہے کہ کچھ سینما گھروں اور تھیٹر کو جانے والے راستے پولیس نے بند کر دئیے ہیں جس سے سینما گھروں اور تھیٹر کا بزنس متاثر ہو رہا ہے۔ ان سینما گھروں اور تھیٹر ہال کی انتظامیہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے سکیورٹی ضرور بہتر بنائیں مگر تھیٹر اور سینما گھروں کو جانیوالے راستے بند نہ کریں تاکہ تھیٹر اور سینما کا بزنس متاثر نہ ہو۔