سرکاری ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں ڈرون طیارے نے ایک مکان کی چھت پرچار میزائل فائرکیے جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پرجاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔ اس سے پہلے آج صبح جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک کے قریب طورا گلا میں بھی امریکی جاسوس طیاروں نے ایک گاڑی پر چھ میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہوئے تھے۔ اس طرح آج ہونے والے ڈرون حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد نو ہوگئی ہے۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جنوبی وزیرستان حملے میں ہلاک ہونے والوں میں تحریک طالبان کے کمانڈر ملانذیر کا چھوٹا بھائی عمر وزیر بھی شامل ہے۔ دیگر کے نام خان محمد،نعمت اللہ اور معراج الدین ہیں۔ عمائدین کے مطابق علاقے میں جاسوس طیاروں کی پروازیں بھی کافی دیر تک جاری رہیں۔