پشاور ( اے ایف پی) پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ دو نیٹو کے ہیلی کاپٹروں نے افغان سرحد کے ساتھ شمالی وزیرستان کے علاقے میں پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے، دو ہیلی کاپٹر رات دو بجے قصبہ دتہ خیل کے علاقے میں گھس آئے۔ یہ بات ایک فوجی افسر نے بتائی یہ ہیلی کاپٹر افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیا سے آئے اور گاﺅں زوئی نارا کے گرد پانچ منٹ تک چکر لگاتے رہے ایک فوجی افسر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر پاک فوج کی طرف سے ”وارننگ شاٹس“ کے بعد واپس چلے گئے۔ ایک قبائلی پولیس افسر دلدار خان نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کافی نیچی پرواز کرتے رہے اور وارننگ شاٹس کے بعد واپس گئے ۔ ہیلی کاپٹروں کی نیچی پرواز سے علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دوسری جانب ایساف کے ترجمان نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری آپریشنل رپورٹنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی ایساف ہیلی کاپٹر نے سرحد عبور نہیں کی۔