نئی دہلی (اے ایف پی) بھارت کے بزرگ، تجربہ کار اور کہنہ مشق وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے انکے استعفے سے کابینہ میں ردوبدل کی راہ ہموار ہونے کا موقع ملے گا۔ کرشنا کا سیاسی کیرئر نصف صدی پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوان نسل کو آگے آنے کا موقع دینا چاہتے ہیں جبکہ حکمران کانگرس کے ایک سینئر رکن کا کہنا ہے کہ وہ کرناٹک کے الیکشن میں اہم رول ادا کریں گے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کرشنا کے خارجہ پالیسی پر اثرات زیادہ نہیں تھے من موہن سنگھ اور انکے اعلیٰ معاونین پاکستان کے ساتھ تعلقات سمیت اہم ایشوز پر فیصلے کرتے تھے ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ وزیراعظم کابینہ میں ردوبدل کریں گے اور راہول گاندھی کو کابنیہ میں عہدہ دیں گے۔ بی بی سی کے مطابق خبریں گشت کر رہی ہیں کہ ان کی جگہ کانگریس کے سینئر رہنما سلمان خورشید، کمل ناتھ، امبیکا سونی، کپل سبل اور آنند شرما لے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 80 سالہ کرشنا کے خلاف بھارت کے لوک ایکٹ نے کئی طرح کے چارجز لگائے ہیں۔