”بابا میری کتابیں کہاں ہیں سہیلیاں کیسی ہیں“ ملالہ نے عید اہلخانہ کے ساتھ منائی ‘ بچ جانا معجزہ ہے: والد ‘ آصفہ نے بھی عیادت کی

برمنگھم (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) ملالہ یوسف زئی کے والدین اور دونوں بھائیوں نے گذشتہ روز کوئین الزبتھ ہسپتال میں زیر علاج ملالہ یوسف زئی سے ملاقات کی اور انہوں نے زیر علاج ملالہ کے ساتھ عید منائی۔ ملالہ نے اپنے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران سب سے پہلے اپنے والد سے اپنے ساتھ زخمی ہونے والی اپنی سہیلیوں اور کتابوں کے بارے میں پوچھا اور کہا کہ کتابیں کہاں ہیں اور سہیلیاں کیسی ہیں۔ ملالہ کے والدکے مطابق انکی بیٹی نے ان سے اسکے ساتھ زخمی ہونے والی اپنی ساتھی طالبات کے بارے میں سب سے پہلے آگاہی حاصل کی اور اسکے بعد اپنی کتابوں بارے پوچھا اور کہا کہ وہ واپس جا کر امتحانات میں حصہ لے گی۔ ٹی وی چینلز پر ملالہ کی اپنے اہل خانہ سے بات چیت کی ویڈیو نشر ہونے پر پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ملالہ کے والد اس سے بات چیت کر رہے ہیں جبکہ ملالہ کھلی آنکھوں کیساتھ ان کی باتیں توجہ سے سننے کے علاوہ اپنی گردن کو دونوں اطراف حرکت بھی دے رہی ہے۔ علاوہ ازیں ملالہ یوسف زئی کے والد ضیاءالدین یوسف زئی نے کہا ہے کہ ملالہ کے علاج سے مطمئن ہوں۔ اپنی بیٹی کو دیکھ کر بہت خوش ہوں۔ ملالہ نے اپنی دوستوں کائنات اور شازیہ کی صحت کے بارے میں پوچھا اور کہا کہ اسے کتابیں لا کر دی جائیں تاکہ وہ دوبارہ امتحان دے سکیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضیاءالدین یوسف زئی نے کہا کہ ڈاکٹر روز نے ملالہ کا بہت جانفشانی سے علاج کیا۔ میری بیٹی کیلئے سب نے دعائیں کیں۔ حملہ آور نے ملالہ کو شناخت کرکے اس پر حملہ کیا۔ ملالہ تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہے۔ ملالہ دیکھ سکتی ہے، بول سکتی ہے اور اب اس نے خود سانس لینا بھی شروع کردیا ہے۔ گولی لگنے سے ملالہ گری تو پورا پاکستان اس کیلئے اٹھ کھڑا ہوا جس پر پوری قوم کا شکرگزار ہوں، ملالہ دوبارہ کھڑی ہو گی۔ پاکستان میں میری بیٹی کے علاج کیلئے غیرمعمولی کوششیں کی گئیں۔ بیٹی کے علاج میں مدد کرنے پر پاکستانی حکومت، صدر زرداری، پاک فوج کے سربراہ جنرل کیانی اور ڈاکٹروں کا شکرگزار ہوں۔ میری بیٹی کیلئے سب نے دعائیں کیں۔ پاکستانی میڈیا کا بھی شکرگزار ہوں۔ یو اے ای حکومت کا ائربس فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ملالہ پر حملے کی مذمت کرنیوالی تمام سیاسی جماعتوں کا بھی شکرگزار ہوں۔ پاکستان میں دہشت گردی کیخلاف بات کرنیوالوں کا ساتھ دینا مشکل ہے۔ اس سے قبل برطانوی ڈاکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ ملالہ کی حالت تسلی بخش ہے اور وہ علاج سے مطمئن ہیں۔ ملالہ کی یادداشت بھی ٹھیک ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق ملالہ نے کھانا پینا بھی شروع کر دیا ہے اور وہ چل پھر سکتی ہیں۔
برمنگھم (نوائے وقت رپورٹ) آصفہ بھٹو ملالہ کی عیادت کے لئے کوئین الزبتھ ہسپتال پہنچ گئیں۔ انہوں نے وہاں ملالہ کے اہلخانہ اور ہسپتال انتظامیہ سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن بھی موجود تھے۔ آصفہ بھٹو نے اس موقع پر کہا کہ ملالہ کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔

ای پیپر دی نیشن