لاہور (نامہ نگاران) رشتہ کے تنازع پر نوجوان کو قتل کر دیا گیا جبکہ ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق فیصل آباد روڈ جیون پورہ پولیس چوکی کے نزدیک ایک تیز رفتار کار نے سڑک عبور کرنیوالے 6 سالہ بچے شاہ زیب کو کچل کر ہلاک کردیا اور کار ڈرائیورپولیس کی موجودگی میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ اسی تھانہ کے علاقہ کدلتھی موڑ سے ایک 42 سالہ شخص کی نعش ملی ہے جس کی جیب سے 10 ہزار روپے نقدی اور موبائل غائب تھا جس کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا ہے۔ علاقہ ازیں سرکاری کلاں کے نزدیک موٹر سائیکل سوار محمد حسین کو تیز رفتار کار نے ٹکر مار کر ہلاک کر دیا۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق کھڈیاں کے نواحی گاو¿ں بیگ پور میں بہن کا رشتہ نہ دینے پر پانچ ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک نوجوان کے گھر میں داخل ہو کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ شریفاں بی بی نے مقدمہ درج کروایا کہ ملزمان احسان الہی وغیرہ گذشتہ ایک سال سے اس کی بیٹی کا رشتہ مانگ رہے تھے لیکن اس کے بیٹے سفارش علی نے اس سے صاف انکار کر دیا جس کا ملزمان احسان الٰہی وغیرہ کو رنج تھا گذشتہ رات تمام ملزمان احسان الٰہی ، یاسین، ارشاد وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔ دریں اثناءلال مسیح اپنی بیوی رانی بی بی اور ٹامس مسیح کے ساتھ موٹر سائیکل پر اوکاڑہ سے لاہور کی طرف جا رہا تھا کہ بائی پاس پتوکی کے نزدیک ایک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالے نے انھیں ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں رانی بی بی ہلاک جبکہ اس کا خاوند لال مسیح اور رشتہ دار ٹامس مسیح شدید زخمی ہو گئے۔
شیخوپورہ ‘ قصور: رشتہ کے تنازع پر نوجوان قتل ‘ حادثات میں 3 افراد جاں بحق
Oct 27, 2012