دمشق (آن لائن) شام میں حکومت اور باغیوں کے درمیان عید الاضحیٰ کے موقع پر عارضی جنگ بندی معاہدے کے چند گھنٹے بعد ہی شامی فوج نے دمشق کی جنوبی کالونی پر بمباری کی جس سے ہلاکتو ں اور کئی عمارتوں کے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دمشق میں انقلابی کارکنوں نے بھی عندیہ ظاہر کیا ہے کہ سرکاری فوج کی جارحیت کے جواب میں وہ خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔ بشار الاسد کے وفادار فوجیوں نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تو جیش الحر بھی اس کا بھرپور جواب دےگی۔ دریں اثناءمحاذ جنگ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شام کے شمال مغربی شہر حلب میں باغیوں نے تین ماہ کی لڑائی کے بعد کرد اکثریتی الاشرفیہ کالونی سے سرکاری فوج کو مار بھگا دیا ہے۔ ایک مقامی شہری کے مطابق انہوں نے سروں پر کلمہ طیبہ والے چرپم لپیٹے 50 افراد کو کالونی میں داخل دیکھا جب سرکاری فوج وہاں سے پسپا ہو رہی تھی۔