عوامی احتجاج کے بعد ضلع شیخوپورہ میں متعدد بلدیاتی حلقوں میں ردوبدل

Oct 27, 2013

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) مقامی لوگوں کے شدید احتجاج کے بعد ضلع شیخوپورہ میں متعدد بلدیاتی اداروں میں ردوبدل کر دیا گیا ہے اور ایسے علاقوںکو بھی قریبی یونین کونسلوں میں شامل کر دیا گیا ہے جو ابتدائی حلقہ بندی میں کسی بھی علاقہ میں شامل نہیں ہو سکے جس کی نشاندہی مقامی لوگوں نے اعتراضات دائر کرنے کے دوران کی تھی جس کے بعد یونین کونسل سہجووال، منڈیانوالہ، مڑھ بھنگواں، قریشانوالہ، ایاپور، فیض پور کلاں، سالار بھٹیاں، بہالیکے، ملیانوالی چک نمبر 537، ڈیوڑھی چک نمبر 15 آر بی، رحمان آباد چک نمبر 4 آر بی چھینہ قلعہ شبدیو سنگھ، مریدکے ویلج، نوکھر اور ٹبی بہمو میں جغرافیائی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ان تبدیلیوں کا جواز یہ بتایا گیا ہے کہ ابتدائی حلقوں کی تیاری میں کلیریکل غلطیاں ہوئی تھیں اور کئی دیہات کو یونین کونسلوں میںظاہر نہیں کیا جا سکتا، ذرائع نے بتایا کہ ضلع شیخوپورہ میں حلقہ بندیوں کیخلاف مجموعی طور پر 201 اعتراضات دائر کئے گئے ہیں جن میں سے 67 کا تعلق تحصیل شیخوپورہ سے بتایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان اعتراضات کی سماعت کے لیے کمشنر لاہور ڈویژن نے شیڈول اک اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن آج ایک بجے دوپہر تحصیل فیروزوالہ اور شرقپور شریف کے بلدیاتی حلقوں پر دائر شدہ اعتراضات کی سماعت کریں گے جبکہ 28 اکتوبر کو صبح آٹھ بجے شیخوپورہ مریدکے اور تحصیل صفدرآباد کے بلدیاتی حلقوںکے خلاف دائر ہونے والے اعتراضات کی سماعت کی جائیگی۔

مزیدخبریں