لاہور (آئی این پی) تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت خود اپنی دشمن ہے انہیں کسی اور دشمن کی ضرورت نہیں، پیپلز پارٹی آصف زرداری کی لوٹی دولت بچانے کیلئے ’’مک مکائو‘‘ کی سیاست کررہی ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں صرف نام کا فرق ہے دونوں کی پالیسیاں ایک ہیں، حکومت طالبان سے مذاکرات نہ کرکے ملکی حالات کو مزید بحرانوں کا شکار کررہی ہے۔ ملک دشمن قوتیں پاکستان میں امن نہیں چاہتیں اور بعض طالبان کو پاکستان دشمن ممالک بھی فنڈنگ کررہے ہیں۔ اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں نے وفاقی حکومت کو طالبان سے مذاکرات کا مینڈیٹ دیا ہے اور اب مذاکرات میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ قبائلی علاقوں کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کیا مگر جب پرویز مشرف نے امریکہ کے کہنے پر وہاں پر فوجی آپریشن کیا تو اس سے وہاں حالات خراب ہوئے ہیں اور اب اگر وہاں آپریشن ختم کرکے ان کو ساتھ ملایا جائے تو وہاں امن قائم ہوجائے گا۔