تھرپارکر (نوائے وقت رپورٹ) قحط سے متاثرہ صحرائے تھر میں متاثرہ افراد کی دادرسی کیلئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ تھر پہنچے۔ تھر متاثرین سے انہوں نے ایک اجتماع کے دوران ملاقات کی، تقریر کی اور پیپلز پارٹی کے کارنامے گنوائے۔ ذرائع کے مطابق لاکھوں روپے خرچ کرکے دورے پر آنے والے وزیراعلیٰ سندھ نے واپس روانہ ہوتے وقت اپنی گاڑی میں بیٹھ کر ایک خاتون کو لفافہ تھماتے ہوئے کہا کہ یہ آپس میں تقسیم کرلیں۔ لفافہ کھلنے سے قبل خاتون کا خیال تھا کہ لفافے میں کثیر رقم موجود ہوگی لیکن لفافہ کھول کر خاتون کی حیرت میں اضافہ ہوا، لفافے میں ’’ایک ہزار روپے‘‘ کا کرنسی نوٹ تھا۔ تھرپارکر گزشتہ 3 برس سے شدید قحط سے دوچار ہے، غذائی قلت کی وجہ سے سینکڑوں مائیں اپنے جگر گوشوں سے محروم ہوچکی ہیں۔ غذائی قلت کی گھمبیر صورتحال نے سندھ حکومت کو تو جگا دیا لیکن وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو وہاں جاکر نیند آگئی۔ تقریب میں پہنچے تو اس کے شرکا کی تقریریں سنتے سنتے سو گئے۔