اسلا م آ با د( آن لائن ) پاکستان سے پیر کو بھارت واپس آنے والی گیتا دونوں ممالک میں سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئی ۔یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ بھارت کی ایک لڑکی گیتا بھٹک کر پاکستان چلی گئی تھیں۔ بولنے اور سننے کی صلاحیتوں سے محروم گیتا 13 برسوں سے پاکستان میں رہ رہی تھیں جہاں پاکستان میں سماجی کاموں میں سرگرم تنظیم ایدھی فاو¿نڈیشن ان کا خیال رکھ رہی تھی۔پاکستانی سوشل میڈیا میں گیتا کو ’امن کی مثال‘ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جبکہ بعض بھارت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ایک شخص نے ہینڈل سے لکھا: ’انسانیت کی ایک مثال جو سرحدوں کو فتح کرنے میں کامیاب رہی۔‘۔پاکستان میں انسانی حقوق کے کارکن انصار برنی نے ٹویٹ کیا: ’ہندوستان کی گم شدہ لڑکی گیتا پیر کو بھارت پہنچ گئی ، وہ پاکستان سے امن اور محبت کا پیغام لے کر گئی ہے۔ ایک اور شخص نے لکھا: ’بات یہ ہے کہ آپ کا دل کتنا بڑا ہے! امپائر علیم ڈار آئی سی سی کی ڈیوٹی پر تھے تو انھیں جان کا خطرہ تھا۔ وہیں پاکستانی، گیتا کو بہت سے تحفوں کے ساتھ بھیج رہے ہیں۔‘وہیں ایک شخص عمران خان مغل نے ہینڈل سے لکھا: ’گیتا پاکستان سے بھارت لوٹ گئی۔ امید ہے کہ آپ کو ہماری مہمان نوازی پسند آئی ہو گی؟‘ ٹوئٹر ہینڈل سے ایک شخص نے ٹویٹ کیا: ’پاکستان پورے احترام سے گونگی بہری خواتین کو واپس کر رہا ہے جبکہ بھارت سرحد پر فائرنگ کر رہا ہے جس میں چھ معصوم پاکستانی زخمی ہو گئے ہیں۔
گیتا / بحث