سراج الحق‘ شیرپائو ملاقات‘ اقتصادی راہداری منصوبہ پر تحفظات

Oct 27, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے چارسدہ میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے آفتاب شیرپائو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ چاروں صوبوں کیلئے یکساں مفید اور کارآمد ہونا چاہئے اور اس میں کوئی ایسی تبدیلی نہ کی جائے جس سے خیبر پی کے اور بلوچستان کے مفادات کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو۔ دونوں رہنمائوں نے قبائلی علاقوں سے ایف سی آر کے نظام کو ختم کرنے اور قبائل کو خیبر پی کے میں ضم کرنے یا ایک الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا انصاف نیٹ ورک این جی او کے پانچ رکنی وفد نے حمیرا مسیح الدین ایڈووکیٹ کی قیادت میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اگر پاکستان میں قوانین عوام الناس کے عقائد و نظریات کی روشنی میں بنائے جائیں تو ان پر عملدرآمد نہ صرف سب کیلئے قابل قبول ہوگا بلکہ عام آدمی ان قوانین کی پاسداری اپنے نظریات کی سربلندی کا ذریعہ سمجھتے ہوئے کریگا۔ انہوں نے کہا کہ ججز‘ گواہان اور وکلاء کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر قانون سازی اور عام آمی کی انصاف تک رسائی کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ سنیٹر سراج الحق نے کہا کہ سردست تو حصول انصاف کیلئے عمر خضر‘ صبر ایوبی اور قارون کا خزانہ چاہئے اور کوئی غریب موجودہ عدالتی نظام میں عدل و انصاف کی صرف تمنا کر سکتا ہے اسے حاصل نہیں کر سکتا۔

مزیدخبریں