دورہ امریکہ نواز شریف کے کشمیر پردہ ٹوک موقف سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے۔

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان کی سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سمیت آزاد کشمیر کے رہنمائوں اور مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دورہ امریکہ کے دوران مسئلہ کشمیر پر واضح اورٹھوس موقف اختیار کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے موقف سے کشمیریوںکے حوصلے بلندہوئے ہیں اوراس موقف کی روشنی میں عملی اقدامات ضروری ہیں،وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے موقف دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما راجہ ظفر الحق،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ،چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس سید علی گیلانی، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیرعبدالرشید ترابی، میر واعظ عمر فاروق ، یسین ملک ، شبیر احمد شاہ اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے عالمی سطح پر ایک سفارتی مہم منظم کی جائے جس میں بھارت کے سیاہ چہرے کو بے نقاب کیا جائے،اور تحریک آزادی کشمیرکی حقیقی پشتبانی کی جائے۔ تحریک آزادی کشمیرکو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ کے اصل کردار کو بحال کیا جائے۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے دیرینہ موقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی اور ہر سطح پر کشمیریوں کی بھرپو ر اخلاقی و سفارتی حمایت کو جاری رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے مظلوم عوام بالخصوص امہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ علی گیلانی نے کہاکہ دورہ امریکہ کے دوران نواز شریف نے کشمیریوں کی امنگوں، آرزوؤں اور مشکلات کا تذکرہ کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے اور مسئلہ کشمیر کی تاریخ اور موجودہ نوعیت بیان کرکے پوری دنیا کو اس سلسلے میں آگاہ ہے۔ لیاقت بلوچ نے وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے امریکہ اور اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کا معاملہ دو ٹوک انداز میں اٹھایا اور جس طرح کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ترجمانی کی اس پر کشمیری عوام ان کے شکرگزار ہیں اور یقین کااظہار کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے موثرانداز میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ ادھر حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اس مسئلہ پر بڑی سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن