لوڈشیڈنگ برقرار، 8 سے 14 گھنٹے تک بجلی بند

Oct 27, 2016

لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں گزشتہ روز بجلی کی ڈیمانڈ میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کیلئے لوڈشیڈنگ کا عذاب برقرار رہا۔ ملک میں بجلی کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے شارٹ فال میں کمی نہیں ہورہی۔ شہروں میں 8 سے 10 جبکہ دیہات اور چھوٹے شہروں میں 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی گئی۔ ڈیموں سے پانی کے اخراج میں کمی کے باعث ہائیڈ ل کی پیداوار کم ہو کر 2000 میگا واٹ سے بھی کم کی سطح پر آگئی جبکہ دوسری جانب پی ایس او کی جانب سے تیل کی سپلائی میں کمی کے باعث آئی پی پیز اور تھرمل یونٹ بھی پیداواری گنجائش کے مقابلہ میں آدھی سے بھی کم بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ پی ایس او کی جانب سے آئی پی پیز کو انکی ڈیمانڈ کے مقابلہ میں صرف 40 فیصد تیل کی سپلائی دی جا رہی ہے۔ گیس سے چلنے والے پاور جنریشن یونٹوں کیلئے بھی محکمہ گیس کی جانب سے گیس کی سپلائی میں کمی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جس سے آنے والے دنوں میں بجلی کی پیداوار میں مزید کمی متوقع ہے۔ گزشتہ روز لوڈ شیڈنگ کے ساتھ مرمت کے نام پر بجلی کی بندش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ شہروں میں 8 سے 10 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ تمام سب ڈویژنوں میں مرمت کے نام پر دو دو فیڈرز صبح سات بجے سے لے کر دوپہر 2 بجے اور 4 بجے تک بند رکھے گئے۔

مزیدخبریں