اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے چین کا دورہ کیا ہے اور بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ سے دوطرفہ تعلقات اور خطہ کی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ طارق فاطمی نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ملاقات کے دوران پاک چین معاشی راہداری اور دفاع، معیشت، تعلیم، کلچر ،سائنس و ٹیکنالوجی سمیت باہمی تعلقات کے تمام پہلوﺅں پر بات چیت کی۔ طارق فاطمی نے میزبان وزیر خارجہ کو بتایا کہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کیلئے پاکستان تمام تر معیار پر پورا اترتا ہے۔ دونوں راہنماﺅں نے مسلہ کشمیر، افغانستان کی صورتحال سمیت تمام علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیالات کیا۔طارق فاطمی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں چینی وزیر خارجہ کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ دونوں قائدین نے طے کیا کہ پاکستان اور چین ، مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
فاطمی
نیو کلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کیلئے پاکستان تمام تر معیار پر پورا اترتا ہے: طارق فاطمی
Oct 27, 2016