میچ جیتنے پر پش اپس قائمہ کمیٹی کے ارکان کھلاڑیوں پر برہم

اسلام آباد، لاہور (آئی این پی+ نیٹ نیوز+ سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ میںقومی کر کٹ ٹیم کے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں میچز کے بعد پش اپس لگانے پر ارکان قائمہ کمیٹی برہم ہوگئے،کمیٹی کے ارکان رانا محمد افضل خان اور چودھری نذیر نے کہا کہ کھلاڑی جیت کر تو پش اپس لگاتے ہیں لیکن ہارنے پر خاموشی کیوں اختیار کرتے ہیں، کھلاڑی پش اپس لگا کر دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ جیت کر شکرانے کے نوافل ادا کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا، پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹوکمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ٹیم نے کاکول میں پاک فوج سے تربیت حاصل کی ہے پش اپس کا مقصد پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنا تھا، مصباح الحق نے سنچری کے بعد فٹنس ثابت کرنے کیلئے پش اپس لگائے اور دیگر کھلاڑیوں نے انہیں فالو کیا، ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ پش اپس لگانے سے منع کر دیا ہے۔ کرکٹ کھیلنے کیلئے سفارشوں کی بھرمار ہے، تلخ حقائق ان کیمرا اجلاس میں پیش کر سکتا ہوں، پی ایس ایل کی تقریب یو اے ای میں اس لئے کرائی کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آنا چاہتے تھے۔ حکومتی رکن رانا محمد افضل خان نے قومی کھلاڑیوں کے پش اپس لگانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی جیت کر تو پش اپس لگاتے ہیں لیکن ہارنے پر خاموشی کیوں اختیار کرتے ہیں، چودھری نذیر نے کہا کہ کھلاڑی جیت کر شکرانے کے نوافل ادا کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ رانا محمد اقبال نے پی سی بی حکام سے پوچھا کہ پی ایس ایل کی تقریب پاکستان میں کیوں نہیں کرائی گئی جس پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کی تقریب یو اے ای میں کرانا ہماری مجبوری تھی، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آنا چاہتے تھے۔ کور کمانڈر کراچی کو پی ایس ایل میں شرکت کی دعوت دی گئی لیکن انہوں نے شرکت نہیں کی، کور کمانڈر کراچی نے کہا کہ پی ایس ایل کراچی میں کرائیں، بھرپور سکیورٹی دیں گے، غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنا چاہتی ہیں لیکن اندرونی مسائل حل کرنا ہوں گے۔ بعد ازاں حکومتی رکن رانا محمد افضل خان نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں نئی چیز ہوئی تھی جو مجھے ذاتی طور پر اچھی نہیں لگی جس پر میں نے سوال پوچھا جو میرا حق ہے، اگر پورے پاکستان کو اچھی لگی تو مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں لیکن کرکٹ میں اگر کھلاڑی امپائر کو گھور کر بھی دیکھتا ہے تو اس کا بھی کوئی مطلب ہوتا ہے اگر یہ کرکٹ کے علاوہ کبڈی یا اس طرح کو کوئی دوسرا کھیل ہوتا تو مجھے کوئی اعتراض نہ ہوتا۔ دریں اثنا ٹویٹر پر نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے پش اپس پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی، کوئی کھلاڑی سنچری بناتا ہے تو بے شک 100 پش اپس لگائے۔ پی سی بی آرمی کی فٹنس ٹریننگ کا معترف ہے جیت پر سجدہ یا پش اپس کھلاڑی کی صوابدید ہے۔ میڈیا کو کرکٹ کے معاملات کو سیاسی بنانے سے اجتناب کرنا چاہئے۔ پش اپس پر کوئی پابندی نہیں اگر کھلاڑی سنچری بناتا ہے تو اسے 100پش اپس لگانے چاہئیں۔ دریں اثنا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نرم و نازک جمہوریت کو اب پش اپس سے بھی خطرہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ پش اپس سے کاکول اکیڈمی کی خوشبو آتی ہے اور اس سے حکمران ڈرتے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق نجم سیٹھی نے کھلاڑیوں کے پش اپس پر پابندی سے متعلق خبروں کومسترد کر دیا ہے۔ نجم سیٹھی نے ٹویٹر اکائونٹ پہ لکھا اوہ خدا کے واسطے پش اپس پر کوئی پابندی نہیں، درحقیقت میرا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کو سنچری بنانے کے بعد 100 پش اپس کرنے چاہئیں۔ پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر امجد حسین بھٹی نے بی بی سی کو بتایا پی سی بی نے پش اپس پہ کوئی پابندی نہیں لگائی۔ ہونے والے اجلاس میں بعض ارکان پارلیمنٹ صرف یہ پوچھا تھا کہ پش اپس کے پیچھے کیا مقصد ہے جس پر انہیں بتایا گیا کہ کاکول اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے کے بعد وعدے کے مطابق لارڈز کے میدان میں پش اپس لگائے گئے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...