اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادی اور اردن کے کنگ عبداللہ دوئم کی عمان میں عالمی سیرت کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی ۔اس موقع پر کنگ عبداللہ نے ڈاکٹر طاہر القادری کی دہشت گردی کے خاتمے اور فروغ امن کے حوالے سے علمی، تحقیقی کام کی تعریف کی اور کہا کہ دہشتگردی وفتنہ خوارج پر فتویٰ کا میں نے مطالعہ کیا ہے اور یہ انسانیت اور اسلام کی عظیم خدمت ہے۔اسلام آباد میڈیا اسیل کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے حالات اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔کنگ عبداللہ نے عالم اسلام میں دہشت گردی کے واقعات میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اردن ،مشرق وسطیٰ اور عالم اسلام کا ایک اہم ملک ہے ۔پاکستانی شہری انتہائی اپنانیت کے ماحول میں اردن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں جو باعث اطمینان اورقابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردن میں عالمی سیرت کانفرنس کا انعقاد عالم اسلام کو قریب کرنے اور اسلامی اخوت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر اور سرپرستی کرنے پر حکومت اردن کو مبارکباد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور اسلام کو ملانے والے انسانیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔کنگ عبداللہ نے پاکستان میں حالیہ خودکش دھماکوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
طاہر القادری کی کنگ عبداللہ دوئم اردن سے ملاقات‘عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال
Oct 27, 2016